25 مئی 2017 - 17:01
انجمن شرعی شیعیان کے صدر دفتر پر ائمہ جمعہ کانفرنس کا انعقاد

انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور سینئر حریت رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے نماز جمعہ کی اہمیت اور فلسفہ جمعہ کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ نماز جمعہ مسلمانوں کا ہفتہ وار دینی اورسیاسی اجتماع ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے صدر دفتر پر ضلع بڈگام سے وابستہ ائمہ جمعہ کی یک روزہ کانفرنس حجة الاسلام والمسلمین آغاسید حسن الموسوی الصفوی کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ کانفرنس میں تمام مسالک سے وابستہ ائمہ جمعہ والجماعت نے شرکت کی ۔ استقبال ماہ رمضان کے حوالے سے منعقدہ کانفرنس میں نماز جمعہ کی اہمیت اور ائمہ جمعہ کی ذمہ داریوں کے حوالے سے مختلف امورات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ جن ائمہ جمعہ والجماعت نے کانفرنس میں شرکت کی اُن میں حجة الاسلام آغاسید یوسف الموسوی، مولانا غلام علی ملک صاحب آری زال، مولانا شبیر احمد صوفی صاحب وترگام، مولان عبدالغنی بٹ صاحب وترہیل، حجة الاسلام سید محمد حسین موسوی ماگام، مولانا فیاض احمد خان صاحب موجہ پتھری، حجة الاسلام سید عابد رضوی، مولانا ظہور احمد ر صاحب نگریٹ، حجة الاسلام آغا سید محمد عقیل الموسوی، مولانا غلام محمد ڈار صاحب شولی پورہ، حجة السلام عاشق حسین میر ٹینگن، مولانا عبدالرشید خان صاحب غوطی پورہ، حجة الاسلام شیخ عباس قمی، حجة الاسلام غلام محمد گلزار، مولوی مقصود غازی صاحب بمنہ، مولوی گلزار صاحب نصراللہ پورہ، مولوی مسعود کاظمی صاحب ، مولوی جاوید احمد صاحب مولانا نثار حسین والو ، مولانا سید جعفر گریند کلان، جناب سید محمد حسین حسینی سونہ پاہ، سید حسین موسوی صاحب سٹھسو کلان شامل ہیں۔ کانفرنس میں ائمہ ائمہ جمعہ پر زور دیاگیا کہ وہ دین و انسانیت کی فلاح و بہبودی اور اصلاح معاشرہ کے ساتھ ساتھ اتحاد و اخوت کی حفاظت کیلئے موثر کردار ادا کریں۔ جمعہ اجتماع کو عوامی فکر و شعور کو ایک مدبرانہ سمت دینے کا سب سے موثر پلیٹ فارم قرار دیتے ہوئے ائمہ جمعہ نے اس عزم کی تجدید کی کہ وہ اسلام کے انسانیت ساز پیغام کی عمل آوری کیلئے عوام کو متوجہ کرنے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔

انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور سینئر حریت رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے نماز جمعہ کی اہمیت اور فلسفہ جمعہ کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ نماز جمعہ مسلمانوں کا ہفتہ وار دینی اورسیاسی اجتماع ہے۔ نماز جمعہ کا عبادی پہلو ایک مسلمہ حقیقت ہے تاہم نماز جمعہ کی عظمت اور بے پناہ افادیت اس کے سیاسی پہلو سے مشروط ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعہ اجتماع امورات مسلمین پر غور و فکر کا دن ہے اور ظلم و ظالم کے خلاف صدائے احتجاج ائمہ جمعہ کی منصبی ذمہ داری ہے۔ اتحاد بین المسلمین کے حوالے سے انجمن شرعی شیعیان کی کاوشوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیر میں مسلکی تشدد بھڑکانے کے درپے عناصرکو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ کشمیری مظلوم عوام کی سیاسی جدوجہد کو ظلم و استحصال کا فطری رد عمل قراردیتے ہوئے آغا صاحب نے کہا کہ جب تک تنازعہ کشمیر کو کشمیری عوام کے خواہشات کے مطابق حل نہیں کیا جاتا تب تک کشمیریوں کی مزاحمتی تحریک کا تسلسل بہرحال جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پکڑ دھکڑ، کُشت و خون، قائدین کی نظربندیاں، املاک کی توڑ پھوڑ، کرفیو ، بندشیں اور دار و گیر کی بھارتی پالیسی کشمیریوں کا مقدر بن چکی ہے۔ کشمیری نوجوان کوگاڑی سے باندکر انسانی ڈھا ل بنانے کا واقعہ اور شدید ٹارچر کرکے کشمیری نوجوانوں کو بھارت کے حق میں اور پاکستان کے خلاف نعرے بازی پر مجبور کرنے کی کاروائیاں ظلم و بربریت کی حد انتہا ہے جس کا حقوق انسانی کی تنظوں کو سنجیدہ نوٹس لینا چاہئے۔منی شنکر ائر کی قیادت والی بھارتی ٹیم سے اپنی ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے آغا صاحب نے کہا کہ ہم نے ٹیم پر واضح کیاکہ تنازعہ کشمیر کوئی دوطرفہ معاملہ نہیں اور نہ کوئی سرحدی تنازعہ ہے، بلکہ سواکروڈ انسانوں کے حق خود ارادیت کا معاملہ ہے جس کو اقوام متحدہ نے تسلیم کر رکھا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲